ایسی لڑکیوں کو سزا ضرور ہونی چاہیے، دانیہ کی گرفتاری پر بشریٰ کی گفتگو
مرحوم رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت کی اہلیہ دانیہ شاہ کی گرفتاری پر بات کرتے سابق اہلیہ بشریٰ اقبال کا کہنا ہے کہ عامر کا کوئی قصور نہیں تھا ان کے ساتھ بہت زیادتی ہوئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بشریٰ اقبال کو دانیہ کی گرفتاری سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ اس گرفتاری پر سب کو خوشی ہوئی ہے، سب کو ریلیف ملا ہے کہ دانیہ پکڑی گئی کیونکہ اس کو سزا ہونی چاہیے تھی، ایسی لڑکیوں کو سزا ضرور ہونی چاہیے اور اس کیس کو ایک مثال بننا چاہیے تاکہ سب کو پتا چل جائے کہ پاکستان میں بھی قانون ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کسی کی ویڈیو وائرل کرتا ہے تو اس کی پکڑ ہوگی، یہ سوال تو اٹھنا ہی نہیں چاہیے کہ دانیہ نے وہ ویڈیو نہیں بنائی جس طرح کی وہ ویڈیو تھی وہاں تیسرا کوئی ہو ہی نہیں سکتا تھا۔
عامر اور دانیہ کی خلع سے متعلق بشریٰ اقبال کا کہنا تھا پہلی بات یہ کہ شرعاً خلع ہو چکی تھی لہٰذا دانیہ دعویٰ نہ کرے کہ وہ عامر کی بیوی ہے، اور اگر ایک صورت مان بھی لیں کہ وہ بیوی ہے جیسا کہ دانیہ کی والدہ کہہ رہی ہیں کہ کروڑوں کی جائیداد ہے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ دانیہ اور ان کا خاندان ابھی تک پیسوں پر ہی اٹکا ہوا ہے، ایک انسان قبر میں چلا گیا اور آپ ابھی بھی پیسے پیسے کر رہی ہیں، میں شروع سے کہہ رہی ہوں میں عامر کی سابق اہلیہ ہوں، میرا شرعاً اور قانوناً عامر کی جائیداد سے کوئی واسطہ ہے اور نہ مجھے چاہیے، میں ایسا کیوں کر رہی ہوں یہ میرا رب جانے، میں ہر کسی کو جوابدہ نہیں ہوں۔
نازیبا ویڈیو لیک پر بات کرتے ہوئے بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ عامر کے ساتھ جو زیادتی ہوئی سب ہی دکھی ہیں، عامر کو سب ہی مس کرتے ہیں، ایک بہت ٹیلنٹڈ اور محب وطن انسان کی برہنہ ویڈیوز وائرل کی گئیں اور دانیہ ان کی گرل فرینڈ نہیں تھی، وہ اسے بیوی بنا کر لائے تھے انھوں نے دانیہ کو عزت دی تھی، عامر اسے مارننگ شوز میں لے کر گئے جس سے دانیہ ایک جانی پہچانی شخصیت بنی۔
دانیہ کی ویڈیوز یوٹیوب پر موجود ہیں جس میں وہ یہ کہہ رہی ہیں کہ میرے پاس اور بھی ویڈیوز موجود ہیں اور اگر عامر نے مجھے خلع نہیں دی تو میں ان کی عزت کا کچرا کردوں گی تو بلیک میل تو عامر دانیہ کے خلع دائر کرنے سے ہی ہو رہے تھے، انھوں نے ایک لسٹ دے دی تھی کہ ہمیں یہ چاہیے۔