فیفا فٹبال ورلڈکپ فائنلز کے چند دلچسپ حقائق
18 دسمبر کو قطر کے لوسیل اسٹیڈیم میں فرانس اور ارجنٹینا ورلڈکپ فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گے۔
فرانس کی ٹیم ورلڈکپ مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچی ہے اور 60 سال بعد اپنے اعزاز کا دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرسکتی ہے۔
یہ فیفا ورلڈ کپ کا 22 واں فائنل ہوگا، 1930 سے ہر 4 سال بعد اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہوا (1942 اور 1946 میں دوسری جنگ عظیم کے باعث ٹورنامنٹ نہیں ہوسکا تھا)۔ آج تک ورلڈکپ فائنل میں یورپ اور جنوبی امریکی ٹیمیں ہی پہنچ سکی ہیں۔
فائنل کے بارے میں چند دلچسپ حقائق درج ذیل ہیں۔
کتنے ممالک ورلڈکپ فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوئے؟
ورلڈکپ کی 92 سالہ تاریخ میں 80 ممالک کے درمیان ٹرافی کے حصول کی جنگ ہوئی جن میں سے محض 13 ممالک ہی فائنل تک پہنچنے کامیاب ہوسکے۔ ان 13 میں سے بھی صرف 8 نے ٹرافی جیتنے میں کامیابی حاصل کی۔ سب سے زیادہ بار فائنل میں پہنچنے کا اعزاز جرمنی کو حاصل ہے جس کی ٹیم 8 بار آخری مقابلے میں پہنچی اور 4 بار کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد برازیل کی ٹیم ہے جو 7 بار فائنل میں پہنچ کر 5 بار چیمپئن بنی۔
اٹلی کی ٹیم 6 بار فائنل میں پہنچ کر 4 بار کامیاب رہی جبکہ ارجنٹینا کی ٹیم اب چھٹی بار اس مرحلے میں پہنچی ہے، اس سے قبل 5 فائنلز میں سے 2 بار ٹرافی اس ٹیم نے اپنے نام کی تھی۔ فرانس کی ٹیم 2022 میں چوتھی بار فائنل میں پہنچی ہے اور اب تک 2 بار ٹورنامنٹ جیت چکی ہے۔ نیدرلینڈز وہ بدقسمت ٹیم ہے جو 3 بار فائنل میں پہنچی مگر کبھی کامیاب نہیں ہوسکی، اس کے مقابلے میں یوروگوئےکی ٹیم 2 بار فائنل میں پہنچ کر فاتح بننے میں کامیاب ہوئی، یعنی اس کا 100 فیصد کامیابی کا ریکارڈ ہے۔ چیکو سلاوکیہ اور ہنگری بھی 2، 2 بار فائنل میں پہنچے مگر ہر بار ناکام رہے۔
انگلینڈ اور اسپین وہ ٹیمیں ہیں جو ایک، ایک بار ہی ورلڈکپ فائنل میں پہنچ سکیں اور ٹرافی جیتنے میں بھی کامیاب رہیں۔
سوئیڈن اور کروشیا بھی ایک، ایک بار فائنل تک پہنچ چکے ہیں مگر انہیں ناکامی کا سامنا ہوا۔
سب سے زیادہ گولز والے ورلڈکپ فائنلز
1930 سے 2018 تک فٹبال ورلڈکپ فائنلز میں مجموعی طور پر 74 گولز اسکور ہوئے، یعنی ہر میچ میں اوسطاً 3.5 گول ہوئے۔ اب تک بس ایک فائنل ایسا ہے جس میں کوئی گول نہیں ہوا جو 1994 میں برازیل اور اٹلی کے درمیان ہوا اور اس میچ کا فیصلہ پنالٹی ککس پر ہوا۔ اس کے مقابلے میں 1958 کے ٹورنامنٹ کے فائنل میں سب سے زیادہ 7 گولز ہوئے جس میں سے برازیل نے 5 گول کیے جبکہ سوئیڈن کی ٹیم محض 2 گول کرسکی۔ اب تک بس 2 ٹیمیں مسلسل 2 بار ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ 1934 اور 1938 میں اٹلی جبکہ 1958 اور 1962 میں برازیل نے یہ کارنامہ سرانجام دیا، فرانس کے پاس ایسی تیسری ٹیم بننے کا موقع موجود ہے۔
فائنلسٹ ٹیموں کو کتنی انعامی رقم ملے گی؟
فیفا نے 1982 میں انعامی رقم دینے کا سلسلہ شروع کیا تھا اور اس کپ کی فاتح ٹیم اٹلی کو 22 لاکھ ڈالرز دیے گئے تھے۔
1986 میں کپ جیتنے والی ٹیم ارجنٹینا کے حصے میں 28 لاکھ ڈالرز، 1990 کی فاتح ٹیم جرمنی کے حصے میں 35 لاکھ ڈالرز، 1994 کی فاتح ٹیم برازیل کے حصے میں 40 لاکھ ڈالرز، 1998 کی فاتح ٹیم فرانس کے حصے میں 60 لاکھ ڈالرز، 2002 کی فاتح ٹیم برازیل کے حصے میں 80 لاکھ ڈالرز، 2006 کی فاتح ٹیم اٹلی کے حصے میں 2 کروڑ ڈالرز، 2010 کی فاتح ٹیم اسپین کے حصے میں 3 کروڑ ڈالرز، 2014 کی فاتح ٹیم جرمنی کے حصے میں ساڑھے 3 کروڑ ڈالرز جبکہ 2018 میں ورلڈکپ جیتنے پر فرانس کی ٹیم کو 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز دیے گئے۔
2022 کے فیفا فٹبال ورلڈکپ کے فائنل میں پہنچ کر ناکامی کا منہ دیکھنے والی ٹیم کا غم کم کرنے کے لیے 3 کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اسپین نے جب 2010 میں ورلڈکپ جیتا تھا تو اسے 3 کروڑ ڈالرز دیے گئے تھے، مگر اب ناکامی پر بھی اتنی رقم مل جائے گی۔ اور جو ٹیم ٹرافی جیتنے میں کامیاب ہوگی اسے 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز دیے جائیں گے۔ فیفا نے قطر ورلڈکپ کی انعامی رقم کے لیے مجموعی طور پر44کروڑ ڈالرز مختص کیے ہیں۔ اس کے مقابلے میں 2018 کے ورلڈکپ کے لیے مجموعی طور پر40 کروڑ کی انعامی رقم تقسیم کی گئی تھی۔