معاشی حالات پر پریشان افراد کی شرح 61 سے کم ہوکر 55 فیصد پر آگئی: سروے
اپسوس پاکستان نے عوام کی آرا پر مبنی نیا سرو ے جاری کردیا۔ سروے رپورٹ کے مطابق اگلے 6 ماہ میں ملکی معاشی صورتِ حال کو کمزور کہنے والے پاکستانیوں کی شرح میں 20 فیصد کی واضح کمی ہوئی ہے۔
گزشتہ سروے میں 77 فیصد جبکہ موجودہ سروے میں 57 فیصد نے ملکی معیشت کے کمزور رہنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔ ملکی معیشت میں بہتری کے لیے پُرامید پاکستانیوں کی شرح بھی 10 فیصد اضافے کے بعد 17 فیصد ہوگئی، موجودہ معاشی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرنے والے پاکستانیوں کی شرح 61 فیصد سے کم ہو کر 55 فیصد پر دیکھی گئی۔
پی ڈی ایم حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد ملکی سمت کو بہتر سمجھنے والے پاکستانیوں کی شرح میں بھی پہلی بار بہتری آئی ہے اور 2 فیصد اضافے کے بعد 14 فیصد پاکستانیوں نے ملکی سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ملکی سمت سے غیر مطمئن افراد کی شرح 2 فیصد کمی کے بعد 86 فیصد ہوگئی۔