سکیورٹی فورسز نے جعفر ایکسپریس واقعے میں اے پی ایس جیسا سانحہ ہونے سے بچالیا: پی ٹی آئی چیئرمین
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس واقعے میں سکیورٹی فورسز نے آرمی پبلک اسکول (اے پی ایس) جیسا سانحہ ہونے سے بچالیا۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ جعفرایکسپریس میں جو ہوا یہ پاکستان پر زخم لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے اے پی ایس جیسا سانحہ ہونے سے بچالیا، ہم سکیورٹی فورسز کی کوششوں کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ سویلین کو جو ٹارگٹ کیا جارہا ہے اس کی مذمت کرتے ہیں، ہم چاہتے ہیں نظریات سے بالاتر ہوکر اکٹھے ہوں۔
بیرسٹرگوہر کا کہنا تھاکہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم نے سب سے پہلے تنقید کا نشانہ پی ٹی آئی کو بنایا، چندبیانات جوصحیح یا غلط ہیں اس کا سہارا لےکرقوم کو تقسیم کر رہے ہیں۔
دوسری جانب اپوزيشن اتحاد نے سکیورٹی پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کردیا اور اس حوالے سے اتحاد کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ ہمہ جہت کانفرنس بلاکر اجتماعی طورپر ایسا نظام بنائيں کہ ہم بربادی سے نکل آئيں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے پارلیمنٹ کا ان کیمرہ سیشن بلاکر ارکان کوبریف کرنے کا مطالبہ کیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں بولان کے علاقے ڈھاڈر میں دہشت گردوں نے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا اور مسافروں کو یرغمال بنالیا گیا۔
پاک فوج نے 36 گھنٹے کے اندر کلیئرنس آپریشن کامیابی سے مکمل کیا اور یرغمالیوں کو بازیاب کروایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایاکہ فورسز کے آپریشن میں مجموعی طور پر 33 دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ دہشت گردوں نے فائرنگ سے 26 افراد کو شہید کیا، فورسز نے 354 یرغمالی بازیاب کروائے، ان میں 37 زخمی ہیں، فورسز کے آپریشن کےدوران ایک بھی مغوی نہیں مارا گیا۔
ان کا کہناتھا کہ شہید ہونے والے 26 افراد میں سے 18 کا تعلق آرمی اور ایف سی سے ہے اور دہشت گرد کسی مسافرکویرغمال بنا کر اپنے ساتھ نہیں لے گئے۔