اگر ایم کیو ایم نے حصہ نہ لیا تو پھر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے: خالد مقبول
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بلدیاتی انتخابات کو شفاف اور منصفانہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایم کیو ایم نے انتخابات میں حصہ نہ لیا تو پھر بلدیاتی انتخابات نہیں ہوں گے۔
کراچی کے بہادرآباد پارک میں ایم کیو ایم پاکستان کے جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بلدیاتی حلقہ بندیاں درست کروادیں تو 15 جنوری کے بجائے 15 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرادیں لیکن حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہوئیں تو ایم کیو ایم فیصلہ کرے گی کہ انتخابات ہونگے یا نہیں۔
ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کا کہنا تھا کہ پی ایس پی اور ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم کو نقصان پہچانا چاہتے ہیں، ایم کیو ایم کنگ میکر ہے، ہمارے سات ووٹوں نے عمران خان کی حکومت ختم کی، آج چاہیں تو یہ حکومت بھی فارغ کردیں، بلدیاتی انتخابات ایم کیو ایم کی بقا کی جنگ ہیں۔ ایم کیو ایم رہنماؤں نے کہا کہ 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینا ہے، اگر معاملات بہتر نہ ہوئے تو رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔