کرم میں آپریشن سے معاملات حل نہیں ہوں گے: فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ کرم میں آپریشن سے معاملات حل نہیں ہوں گے۔
مردان میں میڈیا سے گفتگو میں فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ حکومت اور پی ٹی آئی کے مذاکرات میں کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی لیکن ہم پر امید رہیں گے کہ یہ مزاکرات کامیاب ہوں، ہم مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کے حق میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذاکرات سےاختلافات ختم نہ بھی ہوں لیکن رویوں میں بہتری آئے تو اچھی بات ہوگی۔
ان کا کہناتھاکہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی کوئی رٹ نہیں، کچھ لوگوں کو اسٹیبلشمنٹ کی آشیر باد کے ساتھ یہ کرسیوں پربٹھا دیا گیا ہے، کے پی میں کرپشن کا بازار گرم ہے،کمیشن وصول کیے جارہے ہیں۔
کرم صورتحال پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ کُرم میں آپریشن کے ذریعے معاملات حل نہیں ہوں گے اور طاقت کے ذریعے مسائل کا حل ڈھونڈنا ناعاقبت اندیشی ہوگی۔
انہوں نے تجویز دی کہ سیاستدانوں کو اعتماد میں لیکر جرگہ کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں، کُرم کی صورتحال پر اسٹیبلشمنٹ ہم سے کوئی مشورہ لینا چاہے تو انکار نہیں کریں گے۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا حکومت نے ضلع کرم کے متاثرہ علاقوں میں شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف کے مطابق شرپسند عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں چند شرپسندوں کے خلاف کارروائی ناگزیر ہوچکی ہے۔