کراچی والوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے: حافظ نعیم
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ پورا سندھ تباہ حال ہو چکا ہے اور کراچی کے مقامی لوگوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا تمام محکموں میں کرپشن اور لوٹ مار ہے، پورے سندھ کا حال تباہ ہے، بارشوں میں پیپلزپارٹی اور اس کی حکومت مکمل طور پر بے نقاب ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ جتنا چاہو لوٹو اور کھاو کوئی پوچھنے والا نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے خصوصاً شہر کو اپنی کھیتی بنا رکھا ہے، کراچی کے مقامی لوگوں پر مختلف سرکاری اداروں کے دروازے بند ہو چکے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کو سندھ حکومت ٹالتی رہتی ہے، 3 بار الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر انتخابات ملتوی کرائے گئے، یہ ہماری جیبوں پر ڈاکا مار کر لوٹ مارکر رہے ہیں، پیپلزپارٹی کی حکومت مسلسل اپنی من مانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کا انتظام پہلے سے کیا ہوا ہے، انتظامیہ ان کے ماتحت ہے، ان لوگوں نے اپنی مرضی سے آر اوز مقرر کیے ہوئے ہیں اور سندھ کا الیکشن کمیشن بھی پیپلز پارٹی کے سہولت کار کاکردار ادا کر رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا پی ٹی آئی بھی اس نا اہلی میں شامل رہی، پی ٹی آئی نے ساڑھے 3 سال میں کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا، اب عوام جماعت اسلامی کو منتخب کریں گے۔