پنجاب میں ’اپنا گھر اپنی چھت‘ اسکیم کا افتتاح، وزیراعلیٰ کا مکان کیلئے بلاسود قرض کا اعلان
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ’اپنا گھر اپنی چھت اسکیم‘ کا افتتاح کر دیا جس کے تحت عوام ایک سے 10 مرلے تک مکان کے لیے سود سے پاک قرض حاصل کر سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا لاہور میں اپنا گھر اپنی چھت اسکیم کا افتتاح کرتے ہوئے کہنا تھا آج وہ اسکیم لانچ کرنے جا رہی ہوں جس کا مجھے انتظار تھا، جس کے پاس اپنی چھت ہوتی ہے انہیں شاید اس کی قدر کم ہو لیکن چھت کی خواہش کی شدت ان سے پوچھیں جن کے پاس گھر نہیں، چھت کی کمی کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے، بہت محنت کے بعد اپنا گھر اپنی چھت اسکیم بنانے میں کامیاب ہوئے۔
مریم نواز کا کہنا تھا اس اسکیم کے تحت شہری علاقوں میں ایک سے 5 مرلہ زمین پر 15 لاکھ روپے قرض ملے گا جبکہ دیہی علاقوں میں ایک سے 10 مرلہ تک زمین پر 15 لاکھ قرض ملے گا، قرض کی اقساط 7 سال میں ادا کرنا ہوں گی، پہلے تین ماہ قرض کی کوئی قسط ادا نہیں کرنی جبکہ زیادہ سے زیادہ قسط 14 ہزار روپے ہو گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا حکومت پنجاب اپنا گھر اپنی چھت کے لیے بلا سود قرض دے گی، سروس چارجز بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی، اس میں کوئی سود اور کوئی پوشیدہ چارجز نہیں ہیں، قرض کے لیے شہری آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب کے تمام شہروں میں ایک ساتھ اسکیم شروع کرنے جا رہے ہیں، آپ کے پاس زمین کا ٹکڑا ہے تو معلومات ڈی سی آفس سے بھی لے سکتے ہیں، ہم گھر بھی بنا رہے ہیں، ان گھروں کی تعمیر جلد شروع کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ہر چیز میں قیادت کررہا ہے، لوگوں کی پنجاب کو دیکھ کر دوڑیں لگی ہوئی ہیں، میں روزانہ 16 گھنٹے نان اسٹاپ کام کرتی ہوں، پروجیکٹس اور اسکیموں کی نگرانی کرتی ہوں۔