اسماعیل ہنیہ کی شہادت، ایران میں انتقام کی علامت ’سرخ پرچم‘ لہرا دیاگیا
ایران کے دارالحکومت تہران میں مقبوضہ فلسطین کی مزاحتمی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد قُم میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا۔
حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ آج ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے تہران میں موجود تھے۔
ایران میں اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر تین روز کے قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کا سخت اور دردناک جواب دیا جائے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہنیہ کے قتل کا بدلہ لینا تہران کا فرض ہے۔
دوسری جانب میں انتقام کی علامت سرخ پرچم لہرا دیاگیا۔ ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق ایران کے مذہبی اہمیت کے حامل اہم شہر قُم کی مسجد جُمکران میں ایرانی روایات کے مطابق انتقام کی علامت سرخ پرچم بھی لہرادیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل 2020 میں عراق میں ایرانی قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کے امریکی حملے میں قتل کے بعد سرخ پرچم لہرایا گیا تھا۔