مودی حکومت نے اوپیندرا دویدی کو نیا آرمی چیف نامزد کردیا
نئی دہلی: بھارتی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی کو نیا آرمی چیف نامزد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نئے نامزد آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل اوپیندرا دویدی 30 جون کو اپنا عہدہ سنبھالیں گے، جنرل دویدی نے سال 1984 میں بھارتی فوج میں کمیشن حاصل کیا اور اس وقت وہ وائس چیف آف آرمی اسٹاف ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ موجودہ بھارتی آرمی چیف جنرل منوج پانڈے 30 جون کو ہی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے لوک سبھا انتخابات کے باعث موجودہ آرمی چیف منوج پانڈے کی مدت ملازمت میں ایک ماہ کی توسیع کردی تھی، اس سے قبل ان کی مدت ملازمت 30 مئی کو مکمل ہورہی تھی۔
منوج پانڈے بھارت کے دوسرے آرمی چیف ہیں جن کی مدت میں توسیع کی گئی تھی، اس سے قبل سال 1975 میں اندھرا گاندھی کی حکومت نے اس وقت کے آرمی چیف جی جی بیور کی مدت ملازمت میں ایک سال کی توسیع کی تھی۔