سابق نائب تحصیل دار چکوال نجف حمید گرفتار
چکوال: اینٹی کرپشن سرکل راولپنڈی نے سابق نائب تحصیل دار چکوال نجف حمید کو گرفتار کر لیا۔
محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی کے مطابق نجف حمید کے خلاف اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے مقدمہ درج کر رکھا تھا، نجف حمید کی گرفتاری تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے پرعمل میں لائی گئی۔
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے مطابق نجف حمید کو مقدمے میں عبوری ضمانت خارج ہونے پرگرفتارکیاگیا، مقدمے میں سابق صوبائی وزیر حافظ عماریاسر بھی نامزد تھے۔
محکمہ اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ کیس کی سماعت راولپنڈی کے اسپیشل جج علی نواز بکھرکی عدالت میں ہوئی۔
یاد رہے کہ فروری 2023 میں نائب تحصیلدار چکوال نجف حمید کو کرپشن کے الزامات پر معطل کر کےکمشنر آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
بعد ازاں اینٹی کرپشن پنجاب نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو خط نجف حمید سے متعلق خط لکھ کر ان کی زیر ملکیت زمینوں کا ریکارڈ فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔