سینیٹ کا ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے4، ن لیگ اور جے یو آئی کا ایک ایک سینیٹر منتخب
اسلام آباد: قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا رکن منتخب ہونےکے بعد چھوڑی گئی سینیٹ کی 6 نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوا جس میں سے 4 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔
سینیٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جب کہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالےگئے۔
اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔
اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوگئے، سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔
سینیٹ کی ایک نشست کے لیے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیےگئے۔
سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کیے گئے، بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 61 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔
سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔
دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لےکر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کیے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔