عمران خان کا خط، آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے کیا جواب دیا؟
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے پر آمادگی کا اظہار کردیا۔
ڈائریکٹر کمیونی کیشن آئی ایم ایف جولی کوزیک نے بریفنگ میں کہنا تھاکہ پاکستان میں میکرو اکنامک استحکام کو یقینی بنانے کے لیے نئی حکومت کے ساتھ پالیسیوں پر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جانب سے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کو جواز بنا کر آئی ایم ایف کو خط لکھنے اور امداد دھاندلیوں کی عدلیہ سے تحقیقات مشروط کیے جانے کا بھی صاف جواب دیا۔
اس حوالے سے ان کا کہنا تھاکہ وہ جاری سیاسی امور پر تبصرہ نہیں کریں گی، جو کہنا تھا اس میں مزید اضافہ نہیں کرنا چاہتیں۔
خیال رہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھے جانے کی تصدیق کی ہے اور اڈیالا جیل کے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج خط چلا گیا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ایسے حالات میں ملک کو قرضہ ملا تو قرضے کو واپس کون کرے گا، اس قرض سے غربت بڑھے گی، جب تک سرمایہ کاری نہ ہو قرض بڑھتا چلا جائے گا۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ان کی پارٹی کی جانب سے آئی ایم کو خط لکھا جا رہا ہے جس میں عالمی ادارے کو موجودہ حالات میں ملک کو قرض نہ دینے کی درخواست کی جائے گی۔