غزہ میں انسانی تباہی جاری رکھنےکی اجازت نہیں دے سکتے: چین
چینی وزیر خارجہ وانگ ای کا کہنا ہےکہ غزہ میں انسانی تباہی جاری رکھنےکی اجازت نہیں دے سکتے، اسے فوری طور پر روکا جائے۔
میونخ سکیورٹی کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے وانگ ای نےکہا کہ بحیرہ احمر میں کشیدگی کی بنیادی وجہ غزہ میں جاری جنگ ہے، غزہ میں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فوری رسائی کو ممکن بنایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دو ریاستی حل کے لیے بین الاقوامی امن کانفرنس جلد از جلد ہونی چاہیے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں، دیرالبلح میں اسرائیل کے فضائی حملوں میں مزید 30 فلسطینی شہید ہوگئے۔
خان یونس کے ناصر اسپتال پر اسرائیلی فوج نے دھاوا بولتے ہوئے سرجری آلات توڑ دیے، جنریٹر بندکر دیے، 100 فلسطینیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
ادھر شمالی غزہ میں خوراک کی شدید قلت کے باعث 8 سالہ بچی بھوک کی شدت سے چل بسی، حماس نے غزہ میں امداد کی فراہمی تک بات چیت سے انکار کردیاہے۔