پی ایس ایل 9: افتتاحی میچ میں اسلام آباد نے لاہور کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز نے پہلےکھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوور میں 5 وکٹ پر 195 رن بنائے، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف 19 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
اس سے قبل لاہور قلندرز نے وین ڈر ڈوسن کی شاندار اننگ کی بدولت 195 رن بنائے۔
صاحبزادہ فرحان نے57 اور عبداللہ شفیق نے 28 رن کی اننگ کھیلی، ڈیوڈ ویسا 14 اور فخزمان 13 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
وین ڈر ڈوسن 41 گیندوں پر 71 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
نسیم شاہ اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی، ٹائمل ملز نے 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے 196 رن کا ہدف 19ویں اوور میں 2 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان 41 گیندوں پر74 رن کے ساتھ ناقابل شکست رہے، شاداب خان کی اننگ میں 5 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔
آغا سلمان 31 گیندوں پر 64 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، آغاسلمان کی اننگ میں 3 چھکےاور7 چوکے شامل تھے ۔
ان کے علاوہ الیکس ہیلز نے 36 اور کولن منرو نے 5 رن بنائے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے زمان خان اور سلمان فیاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان سپرلیگ کے 9 ویں ایڈیشن کا رنگا رنگ تقریب سے آغاز ہوا۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب ہوئی جس میں علی ظفر، عارف لوہار اور نتاشہ بیگ سمیت دیگر فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی کی گئی اور لیزر شو کا بھی انعقاد کیا گیا۔
پی ایس ایل 9 میں 6 ٹیموں کے درمیان دو مرحلوں پر مشتمل 34 میچز کھیلے جائیں گے جبکہ ایونٹ کا فائنل 18 مارچ کو کراچی میں کھیلا جائے گا۔