دنیا کا پہلا وائرلیس ٹرانسپیرنٹ ٹی وی متعارف
کیا آپ نے کبھی خواہش کی ہے کہ ٹیلی ویژن (ٹی وی) بند ہونے پر کسی فش ایکوریم کا کام کریں؟
اگر ہاں تو اب یہ خواب پورا ہوگیا ہے۔
دنیا کا پہلا ایسا ٹی وی متعارف کرایا گیا ہے جو وائرلیس ہونے کے ساتھ ساتھ ٹرانسپیرنٹ بھی ہے۔
جی ہاں واقعی جب آپ ٹی وی کو دیکھ نہیں رہے ہوتے تو یہ کسی شیشے کی طرح ٹرانسپیرنٹ ہو جاتا ہے جبکہ اسے چلانے کے لیے کسی تار کی ضرورت نہیں۔
ایل جی نے اس ٹی وی کو لاس ویگاس میں کنزیومر الیکٹرونکس شو (سی ای ایس) کے موقع پر متعارف کرایا۔
کمپنی کے مطابق یہ دنیا کا پہلا وائرلیس ٹرانسپیرنٹ او ایل ای ڈی ٹی وی ہے جو 4K ریزولوشن سے لیس ہے۔
اس ٹی وی میں آڈیو اور ویڈیو چلانے کے لیے وائرلیس ٹرانسمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔
البتہ اس حوالے سے زیادہ تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
کمپنی نے بتایا کہ اس ٹی وی میں ایک نیا پراسیسر استعمال کیا گیا ہے جس کی کارکردگی ماضی کے پراسیسرز سے 4 گنا بہتر ہے۔
77 انچ اسکرین والا یہ ٹی وی آل ویز آن ڈسپلے فیچر کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز کو نشر کر سکتا ہے۔
جب آپ ٹی وی بند کرتے ہیں تو اسکرین پر ڈیجیٹل فش ایکوریم، آگ بھڑکنے یا دیگر ڈیجیٹل آرٹ نمودار ہو جاتے ہیں۔
اگر آپ بند اسکرین پر کچھ نہیں دیکھنا چاہتے تو بڑی بلیک اسکرین کی بجائے ٹی وی ٹرانسپیرنٹ ہوکر شیشے کی شکل اختیار کرکے اپنے پیچھے کا منظر دکھانے لگے گا۔
کمپنی کے مطابق چونکہ یہ ٹرانسپیرنٹ ٹی وی ہے تو آپ اسے کسی بھی کمرے کے ماحول کا حصہ بنا سکتے ہیں۔
فی الحال اس ٹی وی کی قیمت یا دستیابی کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا مگر کمپنی کے مطابق رواں سال ہی کسی وقت یہ صارفین کو دستیاب ہوگا۔