آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے غزہ کے معاملے پر عثمان خواجہ کی حمایت کر دی
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے غزہ کے معاملے پر ساتھی کرکٹر عثمان خواجہ کی حمایت کردی۔
رپورٹس کے مطابق پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ عثمان خواجہ کی غزہ کے معاملے پر انسانی بحران پر توجہ دلانےکی کوشش جارحانہ نہیں، میں نے پچھلے ہفتے بھی یہی کہا تھا کہ ساری زندگیاں برابر ہیں اور نہیں لگتا کہ یہ غلط ہے اور میں فاختہ کے نشان کے بارے میں بھی یہی کہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اس کی اجازت نہیں دے رہی ، ان کے قوانین ہیں جو ماننے ہیں ۔
واضح رہے کہ آئی سی سی نے آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ کو فلسطین کے حق میں بلے پر تحریر اور جوتے پر امن کی علامت فاختہ کا نشان بنانے سے روک دیا۔
اس سے پہلے عثمان خواجہ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ سے قبل پریکٹس سیشن کے دوران ایسے جوتے پہنے تھے جس پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مختلف نعرے درج تھے اور وہ یہ جوتے پاکستان کے خلاف میچ میں بھی پہننا چاہتے تھے۔
تاہم میچ میں عثمان خواجہ کو جوتے پہننے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان کے خلاف میچ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کے قتلِ عام کے خلاف میدان میں بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر اترے تھے۔
بعد ازاں آئی سی سی نے کہا تھا کہ عثمان خواجہ نے پرتھ ٹیسٹ میں بازوں پر سیا پٹی باندھ کر آئی سی سی کے کلوتھنگ اینڈ ایکیوپمنٹ کے قانون کی خلاف ورزی کی ہے ، جس پر انہیں چارج کر دیا گیا۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ آج 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔