عام انتخابات: (ن) لیگ کے قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما بلال یاسین نے پارٹی قائد نواز شریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے جنہیں منظور کرلیا گیا ہے۔
ایک نیوز چینل سے گفتگو میں بلال یاسین نے بتایا کہ نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کے سلسلے میں آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے جہاں آر او نے سوال و جواب کیے اور نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
بلال یاسین نے کہا کہ ان کے ہمراہ نواز شریف کے وکیل امجدپرویز بھی آر او کے دفتر میں پیش ہوئے تھے۔
(ن) لیگ کے رہنما بلال یاسین خود اس حلقے کی صوبائی نشست پی پی 173 سے الیکشن لڑرہے ہیں جب کہ قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 130 نواز شریف کا آبائی حلقہ ہے اور وہ اس سے پہلے بھی یہاں سے الیکشن لڑچکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد اب وہ الیکشن لڑنے کے لیے اہل ہوگئے ہیں۔
لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 130 میں اندرون شہر سے باہر کا حصہ آتا ہے جن میں گوال منڈی اور انکار کلی سمیت دیگر علاقے ہیں اور یہ شہر کا بڑا حلقہ ہے۔