عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دیدی
عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔
عالمی بینک کے مطابق پاکستان کیلئے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی، قرض کی فراہمی کا مقصد پاکستانی مالیاتی انتظام، پائیدار اور جامع اقتصادی ترقی کیلئے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کو فوری مالیاتی اصلاحات کی ضرورت ہے، پاکستان کے پاس انتخابات کے بعد دیرینہ اسٹرکچرل مسائل حل کرنےکا موقع ہے، یہ موقع گنوا دیا توپاکستان کے دوبارہ معاشی مسائل میں گرنےکا خدشہ ہے۔
عالمی بینک کے مطابق پروگرام کے تحت پاکستان کی مالی پالیسی سے متعلق کوآرڈینیشن اور قرضوں میں شفافیت لائی جائے گی، پراپرٹی کے شعبے میں ٹیکسوں کو مضبوط بنانا پلان کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔
عالمی بینک کا کہنا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمدکی لاگت میں کمی اور ڈیجیٹل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کی جائےگی، امپورٹ ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیاجائےگا۔
کنٹری ڈائریکٹر عالمی بینک ناجی بن حسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام ٹیکس، توانائی، کاروباری اور موسمیاتی اصلاحات کا پہلا مرحلہ مکمل کرتا ہے، پروگرام محصولات بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔
ناجی بین ہسین کا کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام اخراجات کا ہدف بہتر بنانے، مسابقت، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بنایا گیا ہے، پروگرام سے پاکستان کے پاور سیکٹرکے بہتر انتظام میں بھی مدد ملے گی۔