عمران خان کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا، توہین الیکشن کمیشن کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا
الیکشن کمیشن نے توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے پہلے سے محفوظ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں ہو گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے اسد عمرکے خلاف توہین الیکشن کمیشن کا فیصلہ تاحال نہیں سنایا گیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 13 دسمبر کو اڈیالہ جیل میں ہو گی۔
وزارت داخلہ کو 2 روز میں انتظامی رپورٹ تیار کر کے الیکشن کمیشن میں پیش کرنےکا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے کمیشن کو بتایا تھا کہ حکومت سابق وزیراعظم کو پیش نہیں کرنا چاہتی جس پر ممبر الیکشن کمیشن سندھ نے کہا کہ ہم نے سابق وزیراعظم کے لیے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، جس پر وکیل شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ پروڈکشن آرڈر پر عمل درآمد نہیں ہوا۔
ممبر الیکشن کمیشن بلوچستان کا کہنا تھا پہلے آپ نہیں آتے تھے اب وہ پیش نہیں کر رہے، سابق وزیراعظم کو اڈیالہ جیل سے لانے کا رسک ہم کیوں لیں؟ ہماری اپنی فورس ہوتی تو ہم بہت کچھ کرتے۔
الیکشن کمیشن نے سماعت 6 دسمبر تک ملتوی کر دی تھی۔