جوکہتے ہیں ہم نے لاہور بنایا ان سے پوچھیں باقی ملک میں کیا بنایا؟ شرجیل میمن
پیپلزپارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو کہتے ہیں ہم نے لاہور بنایا ان سے پوچھیں کہ باقی ملک میں کیا بنایا؟
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کو کل یاد آیا کہ انہوں نے لاہور بنایا ہے، یہ پیغام ہےکہ وہ لاہور کو ہی پاکستان سمجھتے ہیں، احسن اقبال کی جماعت نے تین بار ملک پر حکومت کی، بتائیں پاکستان کے لیےکیا کیا؟ آپ تین دفعہ اقتدار میں آئے ، بتائیں ایک بھی اسپتال بنایا ہو؟ ہماری لیڈر شپ علاج کے لیے باہر نہیں جاتی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں ہیلتھ کی سب سے بہتر سہولتیں ہیں، ہیلتھ سے بڑھ کرکوئی شعبہ نہیں، سڑکیں اور فلائی اوور بعد میں دیکھ لیں گے، ہم کہتے ہیں جان ہے تو جہان ہے، ہیلتھ سیکٹر میں کوئی بھی پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کرسکتا، پیپلز پارٹی نے لوگوں کو امید کی کرن دکھائی ہے، پیپلز پارٹی عوام کی حمایت سے انتخابات میں حصہ لےگی، ن لیگ سے ہمارا کوئی جھگڑا نہیں، ہماری لڑائی لسانیت کی سیاست اور غربت کے خلاف ہے۔