آسٹریلیا کے دورے میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی: عمر گل
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ آسٹریلیا کی پچز اور کنڈیشنز کو مدِنظر رکھتے ہوئے پریکٹس کر رہے ہیں۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر گل نے کہا کہ امید ہے آسٹریلیا میں اچھے نتائج دیں گے، نسیم شاہ کا ری ہیب جاری ہے، آسٹریلیا کے دورے میں نسیم شاہ کی کمی محسوس ہوگی۔
عمر گل نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں لمبے اسپیل کرانا معمول کی بات ہے، لمبے اسپیل کرانے سے متعلق حکمتِ عملی تیار کی ہے، بولنگ میں ہمیشہ بہتری کی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کافی تجربہ کار ہے، کیمپ میں 4 مختلف پچز پر پریکٹس کریں گے، آسٹریلیا کی کنڈیشنز چیلنجنگ ہوتی ہیں جس کے لیے محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔
عمر گل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں ایسی پرفارمنس نہیں رہی جیسی امید تھی، ڈومیسٹک کے پرفارمرز کو عزت دینی چاہیے، کھلاڑی اور ٹیم منیجمنٹ مل کر ورک لوڈ کو ہینڈل کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے کیمپ میں مزید 3 بولرز کو شامل کر لیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ثمین گل، علی شفیق اور محمد علی تربیتی کیمپ کا حصہ بن گئے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز 14 دسمبر سے شروع ہوگی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 14 سے 18 دسمبر تک پرتھ میں کھیلا جائے گا،پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن میں کھیلا جائے گا جب کہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری تک سڈنی میں شیڈول ہے۔