190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب کا عمران خان کی گرفتاری کیلئے مختلف آپشنز پر غور
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کیس میں عمران خان کی گرفتاری کے لیے مختلف آپشنز پر غور شروع کردیا۔
ذرائع کے مطابق نیب کو گرفتاری کے 24 گھنٹوں میں ملزم کو عدالت میں پیش کرنا ضروری ہے۔
نیب ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں جسمانی ریمانڈ کے حصول کیلئے وزارت قانون کا نوٹیفکیشن ضروری ہے، کوشش ہے کہ کچھ دیر میں جیل سماعت کا نوٹیفکیشن جاری ہوجائے گا۔
نوٹیفکیشن جاری ہونے کی صورت میں احتساب عدالت کے جج محمدبشیر اڈیالہ جیل میں سماعت کریں گے۔
واضح رہےکہ گزشتہ روز اسلام آباد کی احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور عدالت نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے سپرنٹنڈنٹ اڈیالا جیل کو ہدایات جاری کی تھیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی پہلے ہی سائفر کیس میں اڈیالا جیل میں قید ہیں اور سکیورٹی خدشات کے باعث ان کا ٹرائل جیل میں ہی ہو رہا ہے، سائفر کیس میں ان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔