پی ٹی آئی ترجمان نے اسد قیصر کی گرفتاری کی ذمہ داری پرویز خٹک پر ڈال دی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شعیب شاہین نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی گرفتاری کی ذمے داری پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرین (پی ٹی آئی پی) کے سربراہ پرویز خٹک پر ڈال دی۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شعیب شاہین نے کہا کہ انہیں اسد قیصر نے خود پرویز خٹک کے کردار سے متعلق بتایا تھا۔
شعیب شاہین کا کہنا تھا اسد قیصر نے پرویز خٹک کے ایک حریف کو پی ٹی آئی میں شامل کروایا تھا اس لیے اسد قیصر کی معلومات کے مطابق پرویز خٹک کا ان کی گرفتاری میں کردار ہے۔
یاد رہے کہ اسد قیصر کو دو روز قبل اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں گزشتہ روز عدالت میں پیش کیا گیا تھا جہاں عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اس سے قبل شعیب شاہین نے بیان دیا تھا کہ نگران حکومت گرفتاریوں سے ثابت کرنا چاہتی ہے کہ پی ٹی آئی کو کرش کرنا ہے۔