جنوری میں الیکشن کے حوالے سے بہت مطمئن ہوں: نگران وزیراعظم
اسلام آباد: نگران ویراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہےکہ جنوری میں الیکشن سے متعلق بہت مطمئن ہوں اور الیکشن کمیشن اپنی مشق بہت حدتک پوری کرچکا ہے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہاکہ بلوچستان میں ہمیں دو چیلنجز کا سامنا ہے جہاں ایک چیلنج سیکورٹی کا اور دوسرا گورننس کا ہے، گورننس پر بات کریں تو صوبہ کہتا ہے وسائل محدود ہیں، وسائل کم ہونا ایک پہلو ہے، وسائل کی بے انتظامی زیادہ بڑا مسئلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چوری الگ ہورہی ہے اور مالی بدانتظامی بھی ہے، ان دونوں پہلوؤں پرتوجہ ہوگی توگورننس کا مسئلہ حل ہوجائےگا۔
صحافی نے نگران وزیراعظم سے سوال کیا کہ آپ نے ایسے ملکوں کا ذکرکیا جہاں آئین نہیں ہے،کیا آئین سے اختلاف ہے؟ اس پر انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آئین سے قطعاً اختلاف نہیں ہے، آئین کی تاریخ پر دنیا میں علمی بحث چل رہی ہے۔
الیکشن سے متعلق صحافی نے سوال کیا کہ جنوری میں انتخابات ہو رہے ہیں؟ اس پر نگران وزیراعظم نے کہا کہ میں بہت مطمئن ہوں، الیکشن کمیشن اپنی مشق بہت حدتک پوری کرچکاہے، الیکشن کمیشن کی مشقوں میں حلقہ بندیاں اور اس سے جڑے معاملات ہیں جب کہ الیکشن کرانے کے لیے جوپیسےچا ہئیں اس پر بھی ان کی تیاری پوری ہے، مالی ضروریات کے لیے الیکشن کمیشن کے مذاکرات وزارت خزانہ کے ساتھ چل رہےہیں۔