چیئرمین پی ٹی آئی پروسیجر ایکٹ پر عدالتی فیصلے سے مطمئن ہیں: علی ظفر
اسلام آباد: عمران خان کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ پر عدالتی فیصلے سے مطمئن ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ان کی قانونی ٹیم نے ملاقات کی جس میں بیرسٹرعلی ظفر، بیرسٹر عمیر نیازی اور بیرسٹرعلی گوہر شامل تھے جب کہ عمران خان سے ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عثمان یوسف کی بھی ملاقات ہوئی۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی صحت بالکل ٹھیک ہے، انہوں نے پیغام دیا ہےکہ ملک معاشی بحران کاشکارہے اور ملک کو اس وقت مقبول رہنما کی ضرورت ہے، مقبول لیڈر صرف انتخابات کے ذریعے آسکتا ہے۔
بیرسٹر علی ظفر کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نےکہا کہ 90 دن میں انتخابات سے متعلق پٹیشن کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے، الیکشن وقت پرہوں اور سپریم کورٹ کی سپر ویژن میں ہوں، انہوں نےکہا مقبول لیڈر ہی سرجیکل آپریشن کے ذریعے معیشت ٹھیک کرسکتاہے۔
علی ظفر نے مزید بتایا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے کل کے فیصلے سے مطمئن ہیں کہ ماضی کے کیس نہیں کھلیں گے اور انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے تو الیکشن نہیں کرائے اب ساری نظریں سپریم کورٹ پر ہیں، انہوں نے کہا اپیل کا حق ہونا چاہیے یہ درست فیصلہ ہے۔
علی ظفر کےمطابق عمران خان نے پی ٹی آئی لیڈروں اور کارکنوں کے اغوا پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا جو خواتین جیلوں میں ہیں ان کی قانونی مدد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے صرف قومی مفاد کی باتیں کی ہیں، جیل سہولیات پر چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا وہ جیل اتھارٹی جانے اور وہ جانیں۔