ورلڈکپ: کوہلی اور راہول کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت بھارت نے آسٹریلیا کو ہرا دیا

بھارت نے ورلڈکپ کے پانچویں میچ میں ویرات کوہلی اور کے ایل راہول کی ذمہ درانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا کو با آسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بھارتی بیٹرز نے آسٹریلیا کا 200 رنز کا ہدف 42 ویں اوور میں پورا کر لیا، 2 رنز پر 3 کھلاڑی  آؤٹ ہونے کے بعد ویرات  کوہلی اور کے ایل راہول نے ٹیم کو سنبھالا۔

ویرات کوہلی نے 85 اور کے ایل راہول نے ناقابل شکست 97  رنز بنائے اور ٹیم کو جیت دلوائی۔

چنئی میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف پورے میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، بھارتی بولرز کے سامنے  آسٹریلوی بیٹرز کھل کر نہ کھیل سکے ۔ کینگروز کی پوری ٹیم آخری اوور میں 199 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

کینگروز کی جانب سے اسٹیو اسمتھ 46  اور ڈیوڈ وارنر 41 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بھارت کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ یہاں کی کنڈیشنز بولرز کے لیے سازگار لگ رہی ہیں۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے اس حوالے سے کہا کہ ہماری ٹیم متوازن ہے ، ہم تازہ دم ہیں  اور اچھی پوزیشن میں ہیں، میچ سے قبل کھلاڑیوں کو تیاریوں کے لیے کافی وقت ملا ہے ۔

آسٹریلیا کی اننگز

بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا، صرف 5 کے مجموعی اسکور پر اوپنر مچل مارش بمراہ کی گیند پر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

دوسری وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ نے 69 رنز کی شراکت داری بنائی پر وہ بھی ٹیم کو بڑا اسکور کرنے میں زیادہ مدد نہیں دے سکے۔وارنر 41 اور اسمتھ 46 رنز بناکر ٹیم کا ساتھ چھوڑ گئے۔

آسٹریلیا کی ٹیم پوری اننگزکے دوران بھارتی بولرز کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور میچ میں سست روی سے بیٹنگ کی، اس دوران ان کی یکے بعد دیگر وکٹیں بھی گرتی رہیں۔

مچل اسٹارک نے 28 ، مارنس لبوشین نے27 رنز بنائے جبکہ پیٹ کمنز اور گلین میکسویل نے 15، 15 رنز اسکور کیے۔

اس کے علاوہ کیمرون گرین 8 اور ایڈم زیمپا نے 6 رنز بنائے جبکہ الیکس کیری صفر پر آؤٹ ہوئے، پوری آسٹریلوی ٹیم 49.3 اوورز میں آؤٹ ہوگئی۔

بھارت کے روینڈرا جڈیجا نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کلدیپ یادیو اور جسپریت بمرا نے  2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔اس کے علاہ محمد سراج ، روی چندرن ایشون اور ہردیک پانڈیا کے حصے میں ایک ، ایک وکٹ آئی۔

بھارتی اننگز

200 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت کا آغاز بالکل اچھا نہ تھا، آسٹریلوی بولرز نے اننگز کی شروعات میں ہی تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹاپ آرڈر کو پویلین بھیجا۔

بھارت کے 2 کے مجموعی اسکور پر 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے، ایشان کشن ، کپتان روہت شرما اور شریاس ائیر صفر پر آؤٹ ہوئے۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے بھارتی ٹیم پر بھرپور پریشر ڈالا، کینگروز کو چوتھی وکٹ 20 کے مجموعی اسکور پر مل سکتی تھی لیکن مچل مارش نے ویرات کوہلی کا کیچ ڈراپ کرکے انہیں چانس دے دیا اور پھر بھارتی بیٹرز نے پیچھے مڑ کر نہ دیکھا۔

ویرات کوہلی ایک بار پھر مرد بحران ثابت ہوئے اور شاندار 85 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم وہ سنچری نہ بنا سکے اور کیچ آؤٹ ہوگئے، دوسری جانب سے کے  ایل راہول نے بھی ذمہ درانہ بیٹنگ کی اور جیت آسٹریلیا سے چھین لی۔

کوہلی اور راہول کے درمیان 165 رنز کی شاندار شراکت داری بنی، راہول نے 115 گیندوں پر ناقابل شکست 97 رنز بنائے۔اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے 11 رنز اسکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے 3 اور مچل اسٹارک نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کے ایل راہول کو شاندار بیٹنگ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *