مائیکرو سافٹ ونڈوز 12 آپریٹنگ سسٹم کو 2024 میں متعارف کرانے کیلئے تیار
مائیکرو سافٹ نے نئے ونڈوز آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے۔
ونڈوز سینٹرل کی ایک رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز 12 کو 2024 میں متعارف کرایا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ نے ونڈوز 11 کو 2021 میں متعارف کرایا تھا اور ابھی بھی یہ آپریٹنگ سسٹم تمام صارفین استعمال نہیں کر رہے۔
رپورٹ کے مطابق انٹیل کمپنی کے ایک عہدیدار نے ایک کانفرنس کے دوران بات کرتے ہوئے ونڈوز 12 کے بارے میں بات کی۔
انٹیل کے چیف فنانشنل آفیسر David Zinsner نے تصدیق کی کہ 204 میں ونڈوز کا نیا آپریٹنگ سسٹم پیش کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خیال میں 2024 ایک اچھا سال ثابت ہوگا کیونکہ ونڈوز کو ریفریش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے ونڈوز 12 کا نام تو نہیں لیا مگر ونڈوز ریفریش کا مطلب یہی تھا کہ ونڈوز 11 کے بعد نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔
اس حوالے سے افواہیں تو کافی عرصے سامنے آرہی تھیں کہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے ونڈوز کا نیا ورژن 2024 میں پیش کیا جا رہا ہے مگر کمپنی نے اب تک اس بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
ونڈوز 12 یا اس کا جو بھی نام رکھا جائے گا، 2024 کی دوسری ششماہی کے دوران متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ 2015 میں ونڈوز 10 آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرایا تھا تو اس وقت کمپنی کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ ونڈوز 10 کے بعد کوئی نیا آپریٹنگ سسٹم متعارف نہیں کرایا جائے گا۔
مگر پھر اس فیصلے پر نظرثانی کی گئی اور 2021 میں ونڈوز 11 کو متعارف کرایا گیا۔
ونڈوز 10 سے قبل ہر 3 سال میں ایک بار نئے آپریٹنگ سسٹم کو پیش کیا جاتا تھا۔
ونڈوز 12 میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کا استعمال زیادہ ہونے کا امکان ہے کیونکہ مائیکرو سافٹ کی جانب سے اس ٹیکنالوجی کو ہر سروس کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔