شیخوپورہ: مسافر ٹرین ٹریک پرکھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی، 20 افراد زخمی
شیخوپورہ: قلعہ ستار شاہ اسٹیشن کےقریب مسافر ٹرین ٹریک پر کھڑی ٹرین سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں 20 مسافر زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق میانوالی سے آنے والی مسافر ٹرین بھی کانٹا تبدیل نہ ہونے پر اسی ٹریک پر آگئی جس پر پہلے سے ٹرین کھڑی تھی، مسافر ٹرین کے ڈرائیور کی کوشش کے باوجود ٹرین مال بردار بوگی سے ٹکرا گئیں۔
ریسکیو اہلکاروں کے مطابق حادثے میں میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین میں سوار 20 مسافر زخمی ہوئے، 5 زخمی مسافروں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا گیاہے۔
ترجمان ریلوے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ لاہور ڈویژن میں ٹرین آپریشن جاری ہے، شیخوپورہ کے پاس حادثے کے بعد ٹریک صبح ساڑھے 7 بجے کلیئر کردیا گیا تھا۔
ترجمان کے مطابق میانوالی ایکسپریس کو بھی روانہ کردیا گیا تھا،ٹرین میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔
غفلت پر ریلوے کے 4 اہلکار معطل:
ترجمان ریلوے کے مطابق غفلت پر ریلوے کے 4 اہلکار معطل کر دیےگئے، جب کہ ڈپٹی پرنسپل افسران کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
کمیٹی 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی، ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
سی ای او ریلوے شاہد عزیز کا کہنا ہے کہ سیفٹی پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی قلعہ ستار شاہ کے پاس مال گاڑی کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں۔