الیکشن 15سے 25 جنوری کےدرمیان ہونے کی توقع ہے: کنور دلشاد
راولپنڈی: نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30 نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا اور 30 نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔
معاون خصوصی کا کہنا ہے نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے، عام انتخابات کی تاریخ دینےکا اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔
کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 230 اور 222 کے تحت الیکشن کمیشن اپنے معاملات میں مکمل خودمختار ہے، موجودہ حالات میں لگ رہا ہے کہ نومبر کے دوسرے ہفتے میں انتخابی شیڈول جاری ہو جائے گا، انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد توقع ہے کہ الیکشن 15 سے 25جنوری کے درمیان ہوجائیں گے۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے نگران حکومت فنڈز کا استعمال آرٹیکل 224 کے تحت کر رہی ہے، آرٹیکل 224 کے تحت نگران حکومت کو فنڈز اور تعمیراتی کام کا مکمل اختیار ہے، نگران پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہے۔
خیال رہے کہ مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ فوری طور پر الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے اور ملک میں صاف شفاف انتخابات کرائے جائیں۔