نواز شریف کو مائنس کرنے والے خود مائنس ہو چکے، سازشیو ’گڈ بائے‘: مریم نواز
پشاور: مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہےکہ نواز شریف کو ’مائنس‘ کرنے والے خود ’مائنس‘ ہو چکے ہیں اور نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی۔
خیبرپختونخوا میں پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف واپس نہیں آرہا بلکہ پاکستان کی خوشحالی کا دور واپس آ رہا ہے، نواز شریف کو ’مائنس‘ کرنے والے خود ’مائنس‘ ہوچکے ہیں اور نواز شریف کو مائنس کرتے کرتے پاکستان کی ترقی مائنس ہوگئی، معمار پاکستان ویلکم بیک، سازشیو ’گڈ بائے‘۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا پیغام پاکستان کی ترقی اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانا ہے، انہوں نے بہادری اور ثابت قدمی سے سیاسی انتقام کا مقابلہ کیا اور سرخرو ہوئے، نواز شریف نے عوام کو مہنگائی سے بچایا تھا، اس خدمت کی اُنہیں سزا ملی، ان کے خلاف سازش کے نتیجے میں عوام کو مہنگائی ملی کیونکہ سازشی نہیں چاہتےتھےکہ پاکستان معاشی طورپر مضبوط ہو۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا 21 اکتوبر اعلان ہےکہ عوام کی تکلیف کے دن ختم ہونے والے ہیں، 21 اکتوبر اعلان ہے کہ غریبوں کے دُکھ درد کا احساس کرنے والا نواز شریف واپس آرہا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف کے دور میں5 سال آٹے،گھی اور چینی کی قیمت نہیں بڑھی، نواز شریف وہ ہے جس کے دور میں 47 سال میں مہنگائی کم ترین سطح پر آئی تھی، نواز شریف وہ ہے جس نے پاکستان کی معاشی ترقی 6.1 فیصد پر پہنچائی تھی، نواز شریف وہ ہے جس نے پاکستان کا واحد آئی ایم ایف پروگرام کامیابی سے مکمل کیا اور 2017 میں آئی ایم ایف کو خداحافظ کہہ دیا تھا، نواز شریف کادیا ترقی کاسفرجاری رہتا تو پاکستان آج بحرانوں کا شکار نہ ہوتا، آج بجلی، گیس اور پیٹرول مہنگے نہ کرنے پڑتے۔