‘پاکستانی ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے’، سابق انگلش کپتانوں کی ورلڈکپ پر گفتگو
نگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ناصر حسین اور این مورگن نے پاکستان ٹیم کے ورلڈ کپ میں چانسز پر اظہارِ خیال کیا ہے۔
ناصر حسین نے کہا کہ پاکستان کے ورلڈکپ چانسز کا انحصار ان کے فاسٹ بولرز کی فٹنس پر ہوگا، اس وقت ان کے 3 اہم ترین پیسرز میں سے شاہین آفریدی فٹ ہیں جب کہ حارث رؤف اور نسیم شاہ کے ساتھ مسائل ہیں، اس لیے ان 3 بولرز کی موجودگی پاکستان کو ایک خطرناک ٹیم بنائے گی، ون ڈے کرکٹ میں سب سے اہم کردار وکٹ لینے والے بولرز کا ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر اعظم نمبر ون بیٹر ہیں جب کہ فخر زمان آؤٹ آف فارم ضرور ہیں مگر ٹاپ آرڈر میں کافی اہم ہیں، پاکستان کے لیے تشویش کی بات ان کے اسپنرز کا فارم میں نہ ہونا ہے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ میری نظر میں پاکستان آئی سی سی ٹورنامنٹس میں ہمیشہ ایک بڑی ٹیم ہوتی ہے، پاکستان ٹیم کچھ بھی کرسکتی ہے، ایک دن پاکستان ٹیم بالکل نیچے ہوگی تو اگلے روز وہ سب کو آؤٹ کلاس کردے گی۔
اس حوالے سے این مورگن نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں بلاشبہ ایک اچھی ٹیم کی کشش موجود ہے، حال ہی کے نتائج پاکستان کے لیے سبق آموز رہیں گے۔
مورگن کا کہنا تھا کہ پاکستان کو یہ طے کرنا ہوگا کہ جو سری لنکا میں کیا ویسا آئندہ نہیں کرنا ہے، بظاہر پاکستان کرکٹ ٹیم ایک بیلنسڈ سائیڈ ہے۔