یہ تو شروعات ہے، بہترین بولنگ ابھی کی کہاں، پاک بھارت میچ سے قبل شاہین کا پیغام

ابتدائی اوورز میں وکٹیں لینے کے حوالے سے مشہور  پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ انھوں نے ابھی تک اپنا بہترین اسپیل نہیں کیا، بھارت کے خلاف جو اسپیل تھا وہ تو شروعات ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ بھارت کے خلاف ہر میچ خاص  ہوتا ہے جو دنیا بھر کے شائقین دیکھتے ہیں۔

شاہین نے پاک بھارت میچ میں لی جانے والی دلچسپی پر  بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں انڈر 16 کرکٹ کھیلنے سے پہلے بطور فین اس میچ کا انتظار کیا کرتا تھا۔

ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ پر بات کرتے ہوئے شاہین نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ یہ میرا اب تک کا بہترین اسپیل ہے، یہ صرف شروعات ہے اور  ابھی بہت کچھ اور بہترین ہونا باقی ہے۔

شاہین  نے بتایا کہ اگر آپ نئی بال کے ساتھ پاکستان کے لیے کم عمر ی سے ہی  تینوں فارمیٹس کھیل رہے ہوں تو شائقین کرکٹ  آپ سے ایسی ہی کارکردگی کی توقع کرتے ہیں اور ہم جانتے ہیں کہ نئی اور پرانی گیند کے ساتھ ہمیں کیسی بولنگ کرنی ہے اور کیسے فائدہ اٹھانا ہے۔

فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ حارث ہم سے زیادہ تیز بولنگ کرتے ہوئے اپنی رفتار سے اثر ڈالتے ہیں جبکہ میں اور نسیم جلد وکٹ لینے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہم تینوں کے درمیان جو ایک جوڑ بن گیا ہے یہی ہماری کامیابی ہے، ہم تینوں ایک دوسرے سے رہنمائی بھی لیتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *