جنوبی افریقا: بے گھر افراد کی عمارت میں خوفناک آتشزدگی، 73 افراد ہلاک

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں 5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے 73 افراد ہلاک اور  درجنوں زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے تاہم کولنگ کا عمل جاری ہے اور انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا  ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں 73 افراد ہلاک اور 52 زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں 7 بچے بھی شامل ہیں۔

جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے عمارت میں آگ لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

ایمرجنسی حکام کے مطابق 50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔

مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں بے گھر افراد رہائش پزیر تھے اور آتشزدگی کے وقت تقریباً 200 افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔

سربراہ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس رابرٹ ملاودزی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے 20 سالہ پروفیشنل کیرئیر میں ایسی خوفناک آتشزدگی نہیں دیکھی، ریسکیو اہلکار 5 منزلہ عمارت کے ہر ہر فلور پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *