حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوگی، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کرے گا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے واضح کیا ہےکہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائے گی، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرےگا۔
اسلام آباد میں پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج آئی ایم ایف بورڈ کی میٹنگ ہے، دعا کریں آج آئی ایم ایف پروگرام منظور ہوجائے، یہ لمحکہ فخریہ نہیں، لمحہ فکریہ ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم جگہ جگہ جا کر ادھار مانگیں اور آئی ایم ایف کی منتیں کریں، زندگی گزارنےکا یہ طریقہ نہیں، اب ایسےکام نہیں چلےگا، چین کو محسوس ہو گیا تھا کہ پاکستان مشکل میں ہے، چین نے ہمارا بھر پور ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی مدت 14 اگست کو ختم ہوجائے گی، الیکشن کمیشن آئندہ انتخابات کی تاریخ دےگا، الیکشن اکتوبر، نومبر میں جب بھی ہوں گے الیکشن کمیشن اس کا اعلان کرےگا۔
انہوں نے کہا کہ وزرائے اعظم آتے جاتے رہتے ہیں، پاکستان ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ قائم دائم رہنا چاہیے، جوبھی حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے وہ تعلیم کوپہلی ترجیح دے، تعلیم کا فروغ سیاست نہیں عبادت ہے، یہ وقت ہے کہ ہم تعلیم پر پوری توجہ دیں، ہمیشہ تعلیمی وظائف بڑھانےکی کوشش کی، تعلیم کے ذریعے ہی دنیا میں ترقی ہوئی ہے۔