سائفر آڈیو لیک: عمران خان نے طلبی پر عدالت سے رجوع کرلیا، انکوائری کالعدم کرنے کی استدعا

لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرلیا۔ سابق وزیراعظم عمران خان نے سائفر آڈیو لیک کے معاملے پر طلب کیے جانے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے، ان کی درخواست  میں وفاقی حکومت، ایف آئی اے اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہےکہ عمران خان ایماندار، باعزت شہری، ملک کی نامور شخصیت ہیں، ان کا ملکی سیاست کو نئے دھارے میں لانے میں اہم کردار ہے، عمران خان کی بڑھتی ہوئی شہرت سیاسی طاقتوں کیخلاف خطرہ بن چکی ہے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہےکہ ایف آئی اے نے سائفر میسج کے معاملے پر انکوائری شروع کر رکھی ہے اور اس  معاملے پر بیان قلمبند کروانے کیلئے 6 دسمبر کو طلب کیا ہے، سائفر انکوائری کو پہلے ہی سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، اب عمران خان کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کیلئے بے بنیاد انکوائری میں طلب کیا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیاگیا کہ وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ بھی اسی سیاسی انتقام کا شاخسانہ ہے، طلبی نوٹس میں کسی قانون کی پاسداری نہیں کی گئی۔ عمران خان کی درخواست  میں سائفر آڈیو لیک اسکینڈل کی انکوائری کو غیر قانونی قرار دے دیتے ہوئے کالعدم کرنے اور انکوائری روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *