میئر لندن صادق خان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا
برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے میئر صادق خان نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔
ایکس (ٹوئٹر کا نیا نام) پر پوسٹ ایک ویڈیو میں میئر لندن صادق خان نے کہا کہ اسرائیل سمیت کسی کو بھی حق نہیں کہ وہ بین الاقوامی قوانین کو توڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں فوجی مداخلت بڑھنے سے صورتحال مزید ابتر ہوجائے گی، سیاسی طریقے سے ہی امن کا قیام ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں معصوم شہریوں تک زندگی کی بنیادی ضروریات پہنچانا بھی ناممکن بنا دیا گیا ہے۔
صادق خان نے کہا کہ ‘میں عالمی برادری کےساتھ آواز ملا کر جنگ بندی کا مطالبہ کرتا ہوں’۔
انہوں نے کہا کہ لندن میں رہنے والے افراد کے رشتے دار غزہ میں تشدد اور ہلاکتوں کا شکار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل کو اپنےدفاع کا حق حاصل ہے، مگر وہ انہیں ہدف بنائےجو 7 اکتوبرکے حملے کے ذمہ دار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری حماس کی قید میں موجود افراد کی رہائی کے لیے اپنی کوششیں بڑھائے۔