اینڈرائیڈ فونز کے لیے جلد کال ایک سے دوسرے فون میں ٹرانسفر کرنا ممکن ہو جائے گا

گوگل کی جانب سے اینڈرائیڈ فونز کے لیے ایک بہترین فیچر متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین متعدد اینڈرائیڈ ڈیوائسز کو ایک گوگل اکاؤنٹ سے کنکٹ کر سکیں گے۔

اس فیچر کو لنک یور ڈیوائسز کا نام دیا جائے گا اور مختلف لیکس کے مطابق یہ ٹول سیٹنگز مینیو میں موجود ہوگا۔

ابھی یہ تو واضح نہیں کہ اس فیچر سے کیا کچھ کرنا ممکن ہوگا مگر مختلف رپورٹس کے مطابق اس میں کال سوئچنگ کا آپشن بھی ہوگا۔

اس آپشن سے صارفین اپنی کالز کو مختلف ڈیوائسز میں ٹرانسفر کر سکیں گے۔

آسان الفاظ میں اگر آپ نے ایک فون پر کال موصول کی تو اسے ٹرانسفر کرکے دوسرے فون پر بھی سن سکیں گے اور یہ سلسلہ ان تمام ڈیوائسز میں جاری رہ سکے گا جو صارف کے پاس موجود ہوں گی۔

یہ فیچر آئی فونز میں دستیاب سیلولر کالز آپشن سے ملتا جلتا ہے جس کے ذریعے صارفین فون کال کو میک یا آئی پیڈ پر بھی ریسیو کر سکتے ہیں۔

مگر آئی فونز سے کالز کو براہ راست دوسرے فون پر ٹرانسفر نہیں کیا جا سکتا، مگر گوگل کے اس نئے فیچر سے ایسا ممکن ہوگا۔

یہ نیا فیچر ایسے افراد کے لیے کارآمد ثابت ہوگا جن کے پاس ایک سے زیادہ فون ہوتے ہیں۔ کال سوئچنگ کے علاوہ یہ نیا ٹول صارفین کو انٹرنیٹ شیئرنگ میں بھی مدد فراہم کر سکتا ہے۔

ابھی یہ واضح نہیں کہ گوگل کی جانب سے اس فیچر کو کب تک متعارف کرایا جا سکتا ہے۔ مگر ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہو سکتا ہے کہ اسے اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ پیش کیا جائے۔

اینڈرائیڈ 14 آپریٹنگ سسٹم اکتوبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے تو جب تک اس فیچر کے لیے انتظار کرنا ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *