امریکی ریاست ہوائی کے جنگلات میں آگ لگنے سے ہلاک افرادکی تعداد 53 ہوگئی

امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی خوفناک آتشزدگی سے لاہینا کا پورا تاریخی قصبہ جل کر راکھ ہو گیا جبکہ مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 53 ہوگئی۔

ریاست ہوائی سے امریکی سینیٹر برائن شیٹز نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں بتایا کہ لاہینا تقریباً مکمل طور پر جل چکا ہے، ابھی تک بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے اور فائر فائٹرز تاحال آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق آگ سے سینکڑوں عمارتیں مکمل جل گئیں، تیز ہوا کے باعث آگ بجھانے میں مشکلات درپیش ہیں۔

امریکی کوسٹ گارڈ کے مطابق اطلاعات ملی تھیں کہ کئی افراد نے تیز ہواؤں کی وجہ سے پھیلنے والے آگ کے شعلوں سے بچنے کے لیے سمندر میں چھلانگ لگائی تھی جس میں سے کئی افراد کو بچایا گیا ہے۔

کاؤنٹی ماؤوی کے میئر رچرڈ بسن جونیئر کا کہنا ہے کہ کئی مکانات اور کاروباری ڈھانچے مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 12000 نفوس پر مشتمل قصبے لاہینا کے ایک رہائشی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ساحل پر کھڑی تمام کشتیاں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں اور کشتیوں کے جلنے کا منظر ایسا لگ رہا تھا جیسے یہ کسی جنگی فلم کا سین ہو۔

امریکی ریاست ہوائی کی کاؤنٹی ماؤوی کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے اب تک سینکڑوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

دوسری جانب امریکی صدر بائیڈن نے ہوائی کے جنگلات میں آگ کو بڑا سانحہ قرار دے دیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق 2018 کے بعد امریکا کے جنگلات میں لگنے والی یہ دوسری بڑی آگ ہے۔2018 میں کیلیفورنیا کے  جنگلات میں آگ لگنے سے 85 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *