راہداری منصوبے کو 10 سال مکمل ، اسٹیٹ بینک نے یادگاری سکہ جاری کردیا
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے سی پیک کے دسویں سال پر یادگاری سکہ جاری کردیا۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ راہداری منصوبے کے دس سال مکمل ہونے پر 100 روپے کا یادگاری سکہ جاری کیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہےکہ سی پیک منصوبے نے پاکستان کے انفرا اسٹرکچر اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ اسٹیٹ بینک کے بینکنگ کارپوریشن دفاتر نے 11 اگست سے سی پیک یادگاری سکےکی فراہمی شروع کردی ہے ۔
سکے کی خصوصیات
اسٹیٹ بینک ذرائع کے مطابق کپرو نکل دھات (Cupro-Nickel metal) سے تیار ہونے والا یادگاری سکہ گول ہے، اس کا قطر 30 ملی میٹر جب کہ وزن 13.5 گرام ہے، اس میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل دھات استعمال کی گئی ہے۔
یادگاری سکے کی ایک جانب 5 نکاتی ستارہ ڈیزائن کیا گیا ہے، اس ستارے کے اندر پاکستان کے قومی پرچم کا ہلال چاند اور ستارہ، چین کے قومی پرچم کے 5 ستارے ہیں، اس پر انگریزی زبان میں ’CELEBRATING 10 YEARS OF CPEC‘ کندہ کیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی سکے کی قیمت ’100 روپے ‘ بھی نمایاں ہے۔
سکے کی دوسری جانب بھی وہی 5 نکاتی ستارہ اسی طرح ہے جب کہ اس کے ساتھ انگریزی، اردو اور چینی زبان میں ’پاکستان چین اقتصادی راہداری‘ لکھا ہے، اس کے علاوہ انگریزی میں ’FROM VISION TO REALITY‘ بھی لکھا گیا ہے، سکے پر ’2013‘ اور ’2023‘ کے سال بھی نمایاں ہیں تاکہ سی پیک کی ترقی کی دہائی کو یاد رکھا جائے۔