عمران خان کی جیل میں اے کلاس کی ڈیمانڈ غیر قانونی ہے: فیاض چوہان
لاہور: استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک جیل میں اے کلاس ڈیمانڈ غیر قانونی اور غیر منطقی ہے۔
ایک بیان میں سابق وزیر فیاض چوہان نے کہا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں جیلوں میں اے کلاس ختم کردی گئی تھی، پی ٹی آئی حکومت نے جیل قوانین تبدیل کرکے خود اے کلاس ختم کردی تھی۔
پنجاب جیل رولز کے مطابق اب عام کلاس اور بی کلاس ہوتی ہے، بی کلاس میں ٹی وی، بیڈ، ٹیبل، کرسی اور اخبار کی سہولت ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان جیل میں رہنے پرپریشان اورناخوش ہیں۔
جیل ذرائع کے مطابق عمران خان نے گزشتہ روز وکلا سے میٹنگ میں کہا کہ مجھے باہر نکالو، جیل میں نہیں رہنا چاہتا۔
خیال رہے کہ 5 اگست کو ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کر کے اٹک جیل منتقل کیا تھا۔