توشہ خانہ کیس میں گرفتار عمران خان اٹک جیل منتقل
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو اٹک جیل منتقل کردیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو براستہ موٹروے اٹک پہنچایا گیا۔
انہوں نے بتایاکہ اٹک جیل کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی موجود ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق عمران خان کو 6 بج کر 50 منٹ پر اٹک جیل منتقل کیا گیا اور جیل مینویل کے مطابق ان کا میڈیکل کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل عمران خان کی اڈیالہ جیل منتقلی کے انتظامات کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ آج اسلام آباد کی عدالت نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی جس کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو لاہور سے گرفتار کرلیا گیا۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تین سال قید کی سزا سنائی اور ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر عمران خان ایک لاکھ روپے جرمانہ نہیں دیں گے تو 6 ماہ مزید قید ہوگی۔