دم توڑتے ستارے کی دنگ کر دینے والی تصاویر
جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ نے ایک دم توڑتے ستارے کے آخری مراحل کی دنگ کر دینے والی تصاویر کھینچی ہیں۔
ان تصاویر میں جگمگاتی گیس کے اسٹرکچر رِنگ نیبولا کو دکھایا گیا ہے۔
رِنگ نیبولا اس وقت بنتا ہے جب ایک دم توڑتا ستارہ اپنے مادے کا بیشتر حصہ خلا میں خارج کرتا ہے جس سے مختلف رنگوں سے جگمگاتا ایک ہالہ بنتا ہے۔
یہ دم توڑتا ستارہ زمین سے 26 سو نوری برسوں کے فاصلے پر واقع تھا اور اس کی تصاویر جیمز ویب ٹیلی اسکوپ کے نیئر انفراریڈ کیمرا نے کھینچی ہیں۔
ان تصاویر میں نہ صرف نیبولا کے اوپری اسٹرکچر کو دکھایا گیا ہے بلکہ اس کے اندرونی حصے پر بھی روشنی ڈالی گئی۔
ان تصاویر کو جاری کرنے والے سائنسدانوں نے کہا کہ سورج جیسے ستاروں کی زندگی کا اختتام ان کی جانب سے مادے کے اخراج سے ہوتا ہے، جس سے یہ خوبصورت نیبولا بنتے ہیں جو ریڈی ایشن سے جگمگاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کئی ارب سال بعد ہمارے سورج کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔
نیبولا کے مختلف رنگ کیمیائی عناصر سے بنتے ہیں اور ماہرین کو توقع ہے کہ ان تصاویر کے تجزیے سے انہیں نیبولا اسٹرکچر بننے کے پیچیدہ عمل کے بارے میں کافی کچھ جاننے کا موقع ملے گا۔ اسی طرح یہ بھی معلوم ہو سکے گا کہ ستاروں کی زندگی کا دورانیہ کتنا ہوتا ہے اور اپنی زندگی کے اختتام پر وہ کونسے عناصر خلا میں خارج کرتے ہیں۔