ایپل آئی فونز میں وہ تبدیلی کرنے کیلئے تیار جس کا مطالبہ صارفین عرصے سے کر رہے تھے
پل کی جانب سے نئے آئی فونز کو پیش کرنے کے لیے تیاریاں تیز کر دی گئی ہیں اور نئی ڈیوائسز میں چند بڑی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے 2012 سے لائٹننگ چارجر کو آئی فونز کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے مگر آئی فون 15 سیریز میں یو ایس بی سی چارجنگ سپورٹ دی جائے گی۔
یو ایس بی ٹائپ سی چارجر کا استعمال اب زیادہ تر ڈیوائسز کے لیے کیا جا رہا ہے تو آئی فونز میں نئی تبدیلی کا مطلب یہ ہے کہ اب ایک چارجر ہی تمام ڈیوائسز کے لیے کافی ہوگا۔
صارفین کی جانب سے آئی فونز کے لیے یو ایس بی سی چارجنگ سپورٹ کا مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا تھا۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی جانب سے اکتوبر 2022 میں ایک قانون کی منظوری دی گئی تھی جس کے تحت یورپ میں تمام موبائل فونز، ٹیبلیٹس اور کیمروں کے لیے ایک ہی چارجنگ پورٹ کے استعمال کو لازمی قرار دیا گیا۔
بعد ازاں دسمبر کے آغاز میں یورپی یونین نے اعلان کیا تھا کہ اس تبدیلی کو اپنانے کے لیے 28 دسمبر 2024 تک مہلت دی گئی ہے۔
اس حوالے سے اکتوبر 2022 میں ایپل کے عہدیداران نے تصدیق کی تھی کہ کمپنی کی جانب سے یورپی قوانین پر عمل کیا جائے گا اور نئے فونز میں یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا استعمال ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں اسٹین لیس اسٹیل کی بجائے ٹائیٹینیم ایجز کا استعمال کیا جائے گا، جس سے ان کا وزن کچھ کم ہو جائے گا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 پرو ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
2019 سے کمپنی کی جانب سے پرو ماڈل کو 999 ڈالرز جبکہ پرو میکس ماڈل کو 1099 ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے مگر اب اس قیمت کو بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس (یا آئی فون 15 الٹرا) کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔
اس سال آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔
2022 میں صرف آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔
کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔