’تنازعات کے پُرامن حل پر یقین رکھتے ہیں‘، وزیراعظم کی بھارت کو پھر مذاکرات کی پیشکش
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کردی۔
اسلام آباد میں منرل سمٹ سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ تنازعات کے پُرامن حل پر یقین رکھتے ہیں، جنگیں مسائل کا حل نہیں، بات چیت سے آگے بڑھا جاسکتا ہے اور ہمیں اپنے وسائل عوامی مفاد پر خرچ کرنا ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائے سے بھی بات کرنے کے لیے تیار ہے مگر شرط یہ ہے کہ ہمسایہ بھی سنجیدہ معاملات میز پر بیٹھ کر حل کرنے پر تیار ہو۔
شہباز شریف کا یہ کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے بھی باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر بہترین تعلقات چاہتا ہے، امریکا سے ایسے تعلقات نہیں چاہتے جس میں ایک دوسرے کو دھوکا دینے کی کوشش کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریکوڈک منصوبہ بھی ملکی تاریخ میں خاص اہمیت کا حامل ہے اور تھر کول دنیا میں کوئلے کے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کیا ہم کسی کارٹیل یا سیاسی وجوہات کی بنا پر تذبذب کا شکار تھے، کرپشن بھی ترقی میں بڑی رکاوٹ بنی ، ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کی کرپشن کو نظر انداز کیاگیا اور نیب بھی لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتا رہا، مسائل کا غیر روایتی حل دینے والے لوگ بھی نیب کا شکار ہوگئے، باتیں بہت ہوگئیں، اب اپنے عمل سے ترقی کے اہداف حاصل کرنے ہیں۔