نگران یا سیاسی حکومت میں عہدے کی کوئی دلچسپی نہیں: شبر زیدی
کراچی: سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہےکہ انہیں کسی سیاسی عہدے میں کوئی دلچسپی نہیں۔
ٹوئٹر پر جاری بیان میں شبر زیدی نے کہا کہ میں میڈیا پرکہہ چکا ہوں مجھے نگران یا سیاسی حکومت میں کوئی عہدہ نہیں چاہیے، میں اپنی ضعیف والدہ کی وجہ سے کراچی نہیں چھوڑسکتا۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنی آئندہ زندگی پیشہ ورانہ کام اورکتابیں لکھنے میں گزارنا چاہتا ہوں، میں ایس آئی یو ٹی کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں، میں اپنی آئندہ زندگی اسلام آباد میں ضائع نہیں کرنا چاہتا۔
پی ٹی آئی حکومت کے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے چند روز قبل انٹرویو میں کہا تھا کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت چلتی رہتی تو مدت ختم ہونے تک ملک معاشی طور پر تباہ ہو جاتا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ ہم چیئرمین پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے تھے مگر وہ اس وقت کچھ سننے کے موڈ میں نہیں تھے، (ن) لیگ کے اراکین کے ٹیکس کی فائلیں مانگی جاتی تھیں۔
پی ٹی آئی حکومت کے چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ شہزاد اکبر ایک صوفے پر بیٹھ جاتے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی انہيں بلاتے تھے اور کہتے تھے کہ شہزاد یہ کہہ رہا ہے ، بتاؤ کیا کرنا ہے۔
شبر زیدی نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ملک کی خراب معیشت کا بتایا ، مشورے دیے لیکن وہ کچھ سننے کے موڈ میں نہيں تھے۔