دہشتگردی کرنیوالوں سے نہ مذاکرات ہو رہے نہ ہوں گے، پاکستان کا دو ٹوک مؤقف

پاکستان نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ دہشت گردی کرنے والوں سے نہ مذاکرات ہو رہے ہیں اور نہ ہوں گے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ آئین پاکستان کو نہ ماننے والوں سے کوئی بات نہیں ہو گی، پاکستان کا مؤقف مذاکرات کی بات کرنے والوں کو پہنچا دیا گیا ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کا مشورہ دینے والوں کو بھی یہی مشورہ ہے کہ جن تنظیموں کے ہاتھ پاکستانی عوام اور پاکستانی سکیورٹی اہلکاروں کے خون سے رنگے ہوں ان سے مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں؟

بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا تھا یہ بھارتیوں کی خام خیالی ہے کہ کنٹرول لائن عبور کرنے پر انہیں پھولوں کے ہار پہنائیں جائیں گے، پاکستانی قوم جانتی ہے اپنا دفاع کیسے کیا جاتا ہے۔

اس سے قبل ایک بیان میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کو بھارت ہر طرح کی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *