پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایجنڈا نہ دینے پر حکومتی ارکان ہی برس پڑے

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ایجنڈا نہ دینے پر حکومتی ارکان ہی برس پڑے۔

پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیر صدارت ہوا۔ پیپلز پارٹی کے سینیٹر رضا ربانی نے ایجنڈے پر سوالات اٹھا دیے اور کہا کہ یہاں 25کے قریب تحاریک اور بل ایجنڈے پر موجود ہیں، ان میں سےکسی بھی قانون یا بل کی ترمیم کامسودہ ارکان کے ساتھ شیئر نہیں کیا گیا، اگر آپ اس کو بھی ربڑ اسٹیمپ بنانا چاہتے ہیں تو آپ کی مرضی۔

انہوں نے کہا کہ رولزآف بزنس کے قاعدہ 7کے مطابق ایک دن کا نوٹس ضرور ہونا چاہیے، آج کچھ قانون سازی کی بازگشت ہےاور کوئی سپلیمنٹری ایجنڈا لایا جائیگا، جو قانون سازی کی جانی ہے وہ بل مسودہ کی صورت میں ہمارے پاس نہیں۔

رضا ربانی کا کہنا تھاکہ آپ ایسے کھیل کا حصہ نہ بنیں جس سے مشترکہ اجلاس یا پارلیمنٹ بلڈوز ہو۔

جمعیت علمائے اسلام کے سنیٹرکامران مرتضی نے کہا کہ پتا ہی نہیں کہ مشترکہ اجلاس کا ایجنڈا کیا ہے؟ اس طرح پارلیمان نہیں چلے گا روز پارلیمان کا جنازہ نکالا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *