ٹوئٹر کا نیا لوگو متعارف، نام بھی تبدیل کر دیا گیا
ٹوئٹر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے مشہور برڈ لوگو (logo) کا متبادل پیش کر دیا گیا ہے جبکہ اس کا نام بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی جانب سے ٹوئٹر کے نئے لوگو کی تصویر ایک ٹوئٹ میں پوسٹ کی گئی اور پھر اسے سوشل میڈیا نیٹ ورک پر برڈ لوگو کی جگہ لگا دیا گیا۔
ٹوئٹر کے نئے لوگو میں ایکس لکھا نظر آ رہا ہے جبکہ ایلون مسک نے بھی اپنی پروفائل امیج بھی اس لوگو سے تبدیل کرتے ہوئے ٹوئٹر بائیو میں ایکس ڈاٹ کام کا اضافہ کر دیا ہے جبکہ ٹوئٹر کا نام بھی ایکس کر دیا گیا ہے۔
یہ اکتوبر 2022 میں ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی ہے۔
خیال رہے کہ ایلون مسک عرصے سے ٹوئٹر کو ایک سپر ایپ ایکس میں بدلنے کے خواہشمند ہیں اور لوگو کی تبدیلی اسی لیے کی گئی ہے۔
23 جولائی کو ایلون مسک نے کہا تھا کہ بہت جلد ہم ٹوئٹر برانڈ اور تمام پرندوں کو خیرباد کہہ دیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ آج شب (23 جولائی کی شب) پوسٹ کیا جائے گا اور اسے 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔
اس تبدیلی کے بعد ٹوئٹر ایک خودمختار کمپنی نہیں رہے گی بلکہ اسے ایک نئی کمپنی ایکس کارپوریشن کا حصہ بنا دیا جائے گا۔
ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو نے ایک اور ٹوئٹ میں بتایا کہ ٹوئٹر نے ہمارے رابطوں کے انداز کو بدل دیا اور اب ایکس اس سلسلے کو مزید آگے بڑھائے گا۔
خیال رہے کہ ٹوئٹر کا نیلے پرندے کا لوگو ایک باسکٹ بال اسٹار لیری برڈ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا تھا۔
ٹوئٹر کے شریک بانی بز اسٹون نے اس پرندے کو لیری کا نام دیا تھا اور اب اس کا عہد جلد ختم ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے اس پلیٹ فارم میں متعدد تبدیلیاں کی ہیں جن میں ٹوئٹر بلیو سروس قابل ذکر ہے۔
اپریل میں عارضی طور پر ٹوئٹر کے روایتی لوگو کو ڈوگی کوائن کے کتے والے لوگو سے تبدیل کیا گیا تھا۔