سعود شکیل کی شاندار ڈبل سنچری، گال ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط
گال ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے پہلی اننگز میں 461 رنز بناکر 149 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے۔
کھیل کے تیسرے روز سعود شکیل نے شاندار ڈبل سنچری اسکور کی جبکہ سلمان علی آغا 83 رنز بناکر پویلین لوٹے ۔ وہ سری لنکا میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بیٹر بن گئے ہیں۔
سلمان علی آغا اور سعود شکیل نے ٹیسٹ میں چھٹی وکٹ پر 177 رنز کی سب سے طویل شراکت داری کی۔
سری لنکا کے 312 رنزکے جواب میں قومی ٹیم نے 461 رنز بنائے۔ سعود شکیل نے پہلے آغا سلمان کے 177 رنز جوڑے پھر نویں وکٹ پر نسیم شاہ کے ساتھ 94 قیمتی رنز کا اضافہ کیا، وہ 208 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
تیسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو سری لنکا نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنالیے تھے۔
کھیل کے تیسرے روز سلمان علی آغا 83 رنز ، نعمان علی 25 ، شاہین شاہ آفریدی 9 ، نسیم شاہ 6 اور ابرار احمد 10 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ گال میں میچ بارش کے باعث تیسرے دن کا کھیل تاخیر سے شروع ہوا۔